ہالیجی جھیل پر 13 اگست کو ثقافتی میلہ: تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس

ٹھٹھہ (رپورٹ: جاويد لطيف ميمن\ جانوڈاٹ پی کے) ضلع ٹھٹھہ کی مشہور ہالیجی جھیل پر 13 اگست کو منعقد ہونے والے شاندار ثقافتی میلے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ریونیو، آثارِ قدیمہ، وائلڈ لائف، سوشل ویلفیئر، واٹر بورڈ، زیبسٹ یونیورسٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ثقافتی میلے کے مختلف پروگراموں، روایتی اسٹالز، ہالیجی جھیل کی خوبصورتی و تزئین و آرائش، صفائی، سیکیورٹی، اور شرکاء کے لیے سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور محکموں کے باہمی تعاون پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے کہا کہ ہالیجی جھیل ضلع ٹھٹھہ کا اہم قدرتی و تاریخی ورثہ ہے اور جشنِ آزادی کے سلسلے میں منعقدہ اس تقریب کو کامیاب بنانا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ تمام تر انتظامات مقررہ وقت سے قبل مکمل کیے جائیں، جبکہ قومی پرچموں اور دلفریب روشنیوں کے ذریعے ہالیجی جھیل کا ماحول مزید پرکشش بنایا جائے۔ اجلاس میں تمام نمائندوں نے میلے کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔



