بورے والا،بڑھتی وارداتوں پر تاجر سراپا احتجاج، پولیس کا ایک ہفتے میں نقب زن گینگ گرفتار کرنے کااعلان

بورے والا (جانو ڈاٹ پی کے) شہر میں بڑھتی ہوئی چوری اور نقب زنی کی وارداتوں کے خلاف تاجر برادری سراپا احتجاج ہے۔ تاجروں سے مذاکرات کے لیے ایس ایچ او تھانہ سٹی مظہر فرید ای بلاک پہنچ گئے، جہاں انہوں نے تاجروں سے ملاقات کی اور انہیں جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ایس ایچ او مظہر فرید نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ ایک ہفتے کے اندر نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث گینگ کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کی زیرنگرانی جرائم میں کمی کے لیے پولیس دن رات محنت کر رہی ہے۔
اس موقع پر تاجروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سٹی صدر پاکستان پیپلز پارٹی شاہد مبین بھٹی، عثمان جمیل بھٹی، ملک صدیق اعوان، مزدور رہنما حافظ محمد عثمان اور تاجروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
حافظ محمد عثمان نے کہا کہ تاجروں کا مطالبہ ہے کہ نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے وارداتوں کا سلسلہ روکا جائے اور تاجروں سے لوٹا گیا مال مسروقہ برآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو تاجروں کے نقصان کا بھی اندازہ ہے اور اس حوالے سے کام کیا جا رہا ہے، جس پر تاجر پولیس کے شکر گزار ہیں۔ موجودہ حالات میں کوئی بھی شخص ایک ہزار روپے کا نقصان برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔
تاجر رہنما عثمان جمیل بھٹی نے کہا کہ انہیں سرکل پولیس سے بہت امید ہے اور توقع ہے کہ پولیس بہت جلد ملزمان کو گرفتار کرکے اپنا ہدف حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو پولیس پر مکمل اعتماد ہے اور پولیس ان کے لیے کام کر رہی ہے۔
اس موقع پر سب انسپکٹر زاہد کامران بھی ایس ایچ او تھانہ سٹی کے ہمراہ موجود تھے۔ بعد ازاں شرکاء نے دعا کی اور پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔



