ٹیلی کام صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، پی ٹی اے نے شکایات کا نظام اپ گریڈ کردیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ٹیلی کام صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے اور سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اپ گریڈ کردیا۔
پی ٹی اے نے اپ گریڈ شدہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کی موبائل ایپ بھی لانچ کردی ہے، جس میں صارفین کے اکاؤنٹس اور شکایات کو مزید محفوظ بنانے کے لیے او ٹی پی پر مبنی ملٹی فیکٹر توثیق متعارف کرائی گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق نئی موبائل ایپ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔ اپ گریڈ شدہ ایپ کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، آسان اور صارف دوست بنایا گیا ہے۔
ٹیلی کام صارفین اب موبائل ایپ کے ذریعے اپنی شکایات باآسانی درج کرانے کے ساتھ ساتھ ان کی پیش رفت اور موجودہ صورتحال بھی براہِ راست دیکھ سکیں گے۔
نئی ایپ میں شکایات کی جانچ پڑتال کے عمل کو بھی بہتر بنایا گیا ہے جبکہ صارفین کے لیے متعلقہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی سہولت بھی مزید مؤثر کردی گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق موبائل نمبرز سے متعلق مشتبہ فراڈ کی سرگرمیوں کی اطلاع دینے کے لیے نیا ماڈیول بھی ایپ میں شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین مشتبہ موبائل نمبرز اور فراڈ سے متعلق سرگرمیوں کی رپورٹ کرسکیں گے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا مقصد شکایات کے ازالے کے عمل کو زیادہ شفاف، محفوظ اور مؤثر بنانا اور صارفین کو بہتر سہولت فراہم کرنا ہے۔



