عوام پر ایک اور پٹرول بم،پٹرولیم مصنوعات5روپے30پیسے تک مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، اوگرا ذرائع کے مطابق ہفتے کے اختتام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 5 روپے 30 پیسے فی لیٹر تک بڑھنے کا امکان ہے۔ ممکنہ طور پر تین روز کے لیے ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 28 پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا رات کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گا، جس کے بعد پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
اوگرا ذرائع کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین ہفتہ، اتوار اور پیر تین روز کے لیے کیا جائے گا۔ تاہم حکومت کو ٹیکسز میں کمی یا اضافے کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی حتمی قیمتیں کم یا زیادہ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
اگر مجوزہ اضافہ نافذ ہوگیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے پہلے ہی مہنگائی کا سامنا کرنے والے عوام کی مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔



