پروفیسر کو موبائل فون پر دھمکیاں، عدالت نے ملزم کی رہائی کی درخواست مسترد کردی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر کو موبائل فون پر مبینہ دھمکیاں دینے کے کیس میں عدالت نے ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ہوئی، جہاں پولیس نے ملزم نین شاہ کو عدالت میں پیش کیا۔ سماعت کے دوران ملزم کی جانب سے مقدمے سے ڈسچارج اور رہا کرنے کی درخواست بھی دائر کی گئی۔
عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی درخواست قبل از وقت ہے، کیونکہ تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق کیس میں جرم کے لیے استعمال ہونے والے موبائل فون کا جائزہ، کال ڈیٹا ریکارڈ (CDR) اور ملزم کی شناخت سے متعلق فارنزک جانچ ابھی باقی ہے۔
عدالت نے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کے لیے ملزم نین شاہ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔



