کراچی میں قیامت خیز حادثہ،زیر تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں زیر تعمیر عمارت کی دیوار اچانک گرنے سے کم از کم 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں اور اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اورنگی ٹاؤن بلاک ایل میں فٹبال گراؤنڈ اور بلدیہ اسکول کے قریب زیر تعمیر عمارت کی دیوار گر گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں، ریسکیو 1122 کے رضاکاروں، پولیس اور رینجرز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔

جاں بحق افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو بھی طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر ریسکیو آپریشن ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔ امدادی اہلکار ملبہ ہٹا کر ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔

ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ مزید تفصیلات امدادی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button