ڈولفن فورس بند نہیں ہوگی! لاہور کی سڑکوں پر پھر 500 نئی بائیکس دوڑیں گی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) ڈولفن فورس بند کرنے کی خبروں کے برعکس پنجاب حکومت نے فورس کو مزید متحرک کرنے کا فیصلہ کرلیا، لاہور کی سڑکوں پر ڈولفن فورس کی موٹر سائیکلیں ایک بار پھر دوڑتی نظر آئیں گی۔
ذرائع کے مطابق ڈولفن فورس کیلئے 500 نئی موٹر سائیکلیں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھاری اور مہنگی بائیکس کے بجائے فورس کیلئے 150 سی سی موٹر سائیکلیں خریدی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی موٹر سائیکلوں کی مجموعی مالیت تقریباً 30 کروڑ روپے ہوگی، جبکہ خریداری کا عمل پنجاب پولیس کی لوجسٹک برانچ مکمل کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ڈولفن فورس کیلئے نئی موٹر سائیکلیں خریدنے کی منظوری دی گئی تھی، جس کے بعد آئی جی پنجاب عبدالکریم نے 500 موٹر سائیکلوں کی خریداری کیلئے سمری پنجاب حکومت کو بھجوا دی ہے۔
نئی موٹر سائیکلوں کی فراہمی کے بعد ڈولفن فورس کی پٹرولنگ اور لاہور میں جرائم کی روک تھام کیلئے کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔



