بالاکوٹ کے قریب پنجاب یونیورسٹی کی بس کھائی میں جا گری، 16 ملازمین زخمی


بالاکوٹ(جانوڈاٹ پی کے) بالاکوٹ کے قریب پنجاب یونیورسٹی ٹرانسپورٹ ونگ کی ریپڈ بس سامنے سے آنے والی گاڑی کو بچانے کی کوشش میں بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری، تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق بس میں 19 ملازمین سوار تھے۔ حادثے کے نتیجے میں 16 ملازمین زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال مانسہرہ منتقل کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، جبکہ کسی بھی ملازم کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔
ڈرائیور کے مطابق سامنے سے آنے والی گاڑی کو بچاتے ہوئے بس سڑک پر پھسل گئی، جس کے باعث وہ بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔
پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے ملازمین ذاتی تفریحی دورے پر ناران اور کاغان گئے ہوئے تھے۔ حادثے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ زخمی ملازمین کی دیکھ بھال اور ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے۔