سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی جدہ میں ترک صدر سے ملاقات

ریاض(شِنہوا)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ کے السلام محل میں ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی ہے۔سعودی پریس ایجنسی نے جمعہ کی صبح بتایا کہ ملاقات کے دوران رجب طیب ایردوان نے کہا کہ میرا دورہ دونوں برادر ممالک میں تعاون کے نئے دور کا آغاز کرنے کیلئے ہماری مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان سیاست ، فوج ، معیشت اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں بہتر تعلقات کینئے دور کے آغاز کیلئے کوششیں کریں گے۔رجب طیب ایردوان نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال، توانائی، تحفظ خوراک ، زرعی ٹیکنالوجی ، دفاعی صنعت اور مالیات جیسے شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا ہمارے مشترکہ مفاد میں ہے۔ ایسالگتا ہے کہ ہمارے پاس قابل تجدید اور سبز توانائی میں نمایاں صلاحیت موجود ہے۔صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد ترکی اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کافی کشیدہ ہو گئے تھے کیونکہ ترک حکام نے الزام لگایاتھا کہ خاشقجی کو سعودی ایجنٹوں کی ایک ٹیم نے قتل کیا تھا۔ترکی حالیہ دنوں میں سعودی عرب اور دیگرخلیجی عرب ممالک کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔



