سعد بیگ نے پاکستان کی جانب سے ون ڈے ڈیبیو کرلیا،262ویں قومی کھلاڑی بن گئے

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرلیا۔ قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انہیں ڈیبیو کیپ پیش کی۔
اپنے ڈیبیو پر سعد بیگ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملنا ان کے لیے اعزاز ہے۔ یہاں تک پہنچنے کے لیے انہوں نے طویل سفر طے کیا اور قومی ٹیم کی جانب سے کھیلنا ان کا خواب تھا۔
سعد بیگ نے بتایا کہ انڈر 19 کرکٹ کھیلنے کے بعد انہوں نے منصوبہ بنایا تھا کہ آئندہ دو سال کے اندر پاکستان کی قومی ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔ ان کے مطابق اس سفر میں والدین نے ہمیشہ بھرپور تعاون کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔



