لاپتہ کارگو طیارے کی تلاش کے لیے غیرملکی ماہرین سے رابطے،3ہزار میٹر گہرے سمندر میں بلیک باکس کی تلاش ہوگی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)حکومت پاکستان نے حادثے کا شکار ہونے والے ٹو ایئرویز کے طیارے کا بلیک باکس، ملبہ اور کاک پٹ کریو تلاش کرنے کے لیے بیرونِ ملک ماہرین سے رابطوں کا آغاز کردیا ہے۔ تلاش کے لیے ڈیپ سی سالویج آپریشن کیا جائے گا، جس میں جدید ترین زیرِ آب آلات استعمال کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ملٹی بیم ایکو ساؤنڈر، ہائی ڈیفینیشن کیمروں سے لیس ریموٹلی آپریٹڈ وہیکل، ٹوڈ پنگر لوکیٹر، میگنیٹومیٹر اور ڈیپ سی سالویج شپ استعمال کیے جائیں گے تاکہ سمندر کی تہہ میں طیارے کے بلیک باکس اور دیگر ملبے کا سراغ لگایا جاسکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کی تلاش پر آنے والے اخراجات کا 50 فیصد کارگو طیارے کی مالک کمپنی برداشت کرے گی۔ طیارے میں 60 فیصد تک حصص رکھنے والے راجہ طارق کو بھی حکومتی فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حادثے کے ایک ماہ بعد طیارے کے بلیک باکس کے ٹرانسمیٹر بیکن نے سگنل بھیجنا بند کردیا تھا۔ پاک بحریہ نے خصوصی آلات اور سائیڈ اسکین سونار کی مدد سے سمندر کی تہہ میں بلیک باکس کے ممکنہ مقام کی نشاندہی کی تھی۔

ذرائع کے مطابق پاک بحریہ نے صوتی لہریں بھیج کر تقریباً 3 ہزار میٹر گہرے سمندر میں بلیک باکس کے ممکنہ مقام کا سراغ لگایا، تاہم بلیک باکس اور طیارے کے ملبے کی بازیابی کے لیے مزید سرچ آپریشن کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button