لیتھوانیا اور لٹویا میں فضائی خطرے کے ریڈ الرٹس

یورپی ممالک لیتھوانیا اور لٹویا میں فضائی خطرے کے پیش نظر ہنگامی الرٹس جاری کردیے گئے، تاہم خطرہ ٹلنے کے بعد دونوں ممالک نے الرٹس واپس لے لیے۔ فضائی خطرے کے باعث لیتھوانیا کا کاوناس ہوائی اڈہ بھی بند کردیا گیا تھا۔
خبر ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کی فضائی حدود کے قریب ڈرونز کی پروازوں کے پیش نظر ریڈ الرٹس جاری کیے گئے۔ لیتھوانیا کے حکام نے شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت بھی کی تھی۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر نیٹو کی فضائی نگرانی پر مامور لڑاکا طیاروں کو بھی طلب کرلیا گیا۔ بعدازاں خطرہ ٹلنے پر دونوں ممالک نے ہنگامی الرٹس واپس لے لیے۔
واضح رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف جنگ شروع کیے جانے کے بعد سے لیتھوانیا نے اپنی فضائی حدود میں ڈرونز کی متعدد مرتبہ دراندازی کی اطلاعات دی ہیں۔ خطے میں جاری جنگ کے باعث یورپی ممالک اپنی فضائی نگرانی اور دفاعی اقدامات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔



