بھارت میں نوراتری کے دوران ٹرک کا ہولناک حادثہ، 13 افراد ہلاک، 40 زخمی

گوالیار(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں ہندو مذہبی تہوار نوراتری کے دوران ایک بے قابو ٹرک نے مندر جانے والے عقیدت مندوں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 40 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ اتوار کی علی الصبح تقریباً ڈیڑھ بجے شیتلا ماتا مندر کے قریب پیش آیا۔ دھان سے لدا ٹرک ڈھلوان پر بے قابو ہو کر پولیس کی جانب سے لگائی گئی رکاوٹیں توڑتا ہوا سڑک پر موجود زائرین سے جا ٹکرایا۔ ٹرک بعد ازاں مندر کی بیرونی دیوار اور گیٹ سے بھی ٹکرا گیا۔

حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں سے 4 سے 6 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، جبکہ ڈیوٹی پر موجود دو پولیس اہلکار بھی حادثے میں زخمی ہوئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذہبی تہوار کے دوران مذکورہ سڑک پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت محدود تھی۔ اس کے باوجود ٹرک پولیس چیک پوائنٹ اور بیریئر عبور کرکے ممنوعہ راستے پر کیسے پہنچا، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

حادثے کے بعد حکام کی جانب سے واقعے کے اسباب اور حفاظتی انتظامات میں ممکنہ کوتاہیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button