وزارتِ مواصلات کے آڈٹ میں 222 ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزارتِ مواصلات کے مالی سال 2022-23 کے آڈٹ میں 222 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق دھوکہ دہی، چوری، بھرتیوں، خریداری اور مالیاتی معاملات سمیت مختلف شعبوں میں بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دھوکہ دہی، چوری اور ڈکیتی کے 40 کیسز میں 4 کروڑ 88 لاکھ روپے کی بے ضابطگیاں رپورٹ ہوئیں، جبکہ بھرتیوں سے متعلق 4 کیسز میں 2 ارب 73 کروڑ روپے کی بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی۔

آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نگران دور میں پاکستان پوسٹل سروسز میں گریڈ ایک سے 15 تک 4 ہزار 252 بھرتیاں کی گئیں، جبکہ 314 افراد کو مبینہ طور پر قواعد کے برخلاف سیاسی بنیادوں پر بھرتی کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق خریداری کے 5 کیسز میں قومی خزانے کو 3 ارب 26 کروڑ روپے سے زائد نقصان پہنچنے کا انکشاف ہوا۔ کمرشل بینک کے ساتھ غیر مجاز انتظامی معاملات میں بھی 20 ارب 85 کروڑ روپے کے نقصان کی نشاندہی کی گئی۔

آڈٹ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ فنانس ڈویژن کی منظوری کے باوجود پاکستان پوسٹ نے مقررہ تعداد سے زیادہ بینک اکاؤنٹس کھولے، جن میں 20 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک اور کیس میں قومی خزانے کو 49 کروڑ 25 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، جبکہ 11 مختلف کیسز میں 3 ارب 74 کروڑ روپے سے زائد کی رقوم کی وصولی کی نشاندہی کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button