تھائی لینڈ میں رمضان بم دھماکے، مسلم باغی گروہ نے ذمہ داری قبول کر لی

بنکاک (آن لائن) تھائی لینڈ کے جنوب میں سرگرم ایک مسلم باغی گروہ نے جمعے کے روز ہونے والے دو بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دھماکے تھائی لینڈ کے انتہائی جنوب میں مسلم اکثریتی علاقے میں ہوئے جب کہ اس سے قبل رمضان میں پرتشدد کارروائیاں نہ کرنے سے متعلق باغی گروہوں اور حکومت کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔ جمعے کے روز ہونے والے ان دو بم دھماکوں میں ایک شہری ہلاک جب کہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ مسلم باغی گروپ پتانی یونائیٹڈ لبریشن آرگنائزیشن سے جڑے جی فائیو گروپ نے ان بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ سن 2004 سے تھائی لینڈ کے جنوب میں جاری مسلح علیحدگی پسند تحریک میں اب تک سات ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔



