یومِ استحصالِ کشمیر: اوکاڑہ میں ریلیوں اور تقاریب کے لیے ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت اہم اجلاس

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے)5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے ضلع اوکاڑہ میں سیمینارز، بیداری مہم اور ریلیوں کے انعقاد کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی زیرِ صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلع کے تمام متعلقہ انتظامی محکموں کے افسران نے شرکت کی اور یومِ استحصال کی مناسبت سے تیار کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غصبانہ، جابرانہ اور غیر قانونی قبضے کا سیاہ ترین دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری بھائیوں کے حقِ خودارادیت کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرنا ہمارا قومی، ملی اور اخلاقی فریضہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں ریلیوں، واکس اور سیمینارز کا انعقاد مکمل منظم انداز میں کیا جائے تاکہ دنیا کو مقبوضہ وادی کے مظالم سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام محکموں کو یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے خصوصی ٹاسک سونپتے ہوئے تمام تر انتظامات اور سکیورٹی سینیریو کو بروقت حتمی شکل دینے کا حکم دیا۔



