کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائیاں، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے سے تعلق کے شبہے میں 3 ملزمان گرفتار

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس ادارے نے کراچی کے دو مختلف مقامات پر مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق کے شبہے میں 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 دستی بم اور ایک تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی میں کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ دہشت گردوں، ساجد یوسف ولد محمد یوسف اور شوکت علی عرف شوکی ولد حضور بخش کو لسبیلہ چوک بس اسٹاپ کے قریب گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے دو دستی بم برآمد کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق مشترکہ ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ دونوں ملزمان اپنے کمانڈر کی ہدایت پر ٹارگٹ کلنگ اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کی موبائل گاڑیوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں اور اس وقت کراچی میں موجود ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے کمانڈر سے مسلسل رابطے میں تھے اور مبینہ طور پر بارودی مواد کے ذریعے شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے کی دوسری کارروائی اولڈ سبزی منڈی کے علاقے میں کی گئی، جہاں سے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق کے شبہے میں داد محمد عرف عادل ولد جلات خان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) برآمد ہوا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم افغانستان میں تربیت حاصل کر چکا ہے اور مبینہ طور پر اپنے کمانڈر کی ہدایت پر کراچی میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں اور مالی معاونین کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں تین مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔



