ریاض ایئرپورٹ کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع، سعودی عرب کے لیے 34 پروازیں منسوخ

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کر دی گئی ہے، جس کے باعث پاکستان سے سعودی عرب جانے والی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ریاض ایئرپورٹ آج رات 12 بجے تک بند رہے گا۔ راڈار اور کمیونیکیشن نظام کا جائزہ لینے کے لیے بندش میں توسیع کی گئی ہے، جبکہ سعودی عرب میں فضائی آپریشن کی بحالی سے متعلق غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث پاکستان کے مختلف شہروں سے سعودی عرب جانے والی پروازیں متاثر ہوئی ہیں اور ریاض کے لیے مجموعی طور پر 34 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس صورت حال کے اثرات مدینہ، جدہ اور دمام ایئرپورٹس کے فضائی آپریشن پر بھی پڑے ہیں۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب کے مختلف شہروں کے لیے جانے والی متعدد پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں لاہور سے ریاض جانے والی نجی ایئرلائن کی ایکس وائے 318، ایف تھری 656 اور پی نائن 580 شامل ہیں، جبکہ دمام جانے والی ایکس وائے 884 بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پروازوں کی منسوخی میں کراچی سے 6، اسلام آباد سے 4، لاہور سے 12 اور پشاور سے 2 پروازیں شامل ہیں۔

دوسری جانب دمام ایئرپورٹ کا فضائی آپریشن 6 گھنٹے کی بندش کے بعد بحال کر دیا گیا ہے، تاہم سعودی عرب کے لیے پروازوں کے مجموعی شیڈول میں اب بھی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ ترین صورت حال کی تصدیق کر لیں تاکہ ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button