ابھیشیک شرما نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عالمی ریکارڈ بنا دیا

نئی دلی (ویب ڈیسک) بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں گیندوں کے اعتبار سے تیز ترین 2 ہزار رنز مکمل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا اور سابق بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ابھیشیک شرما نے یہ سنگ میل محض 1024 گیندیں کھیل کر عبور کیا، جبکہ سوریا کمار یادیو کو 2 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 1164 گیندوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اندور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ابھیشیک شرما نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 30 گیندوں پر 69 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں برق رفتار شاٹس نے حریف بولرز کو دباؤ میں رکھا۔

بھارتی اوپنر نے محض 18 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرکے اپنی دھواں دار بیٹنگ کا ثبوت دیا اور ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں گیندوں کے اعتبار سے تیز ترین 2 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں آسٹریا کے کرنبیر سنگھ تیسرے، آسٹریلیا کے ایرون فنچ چوتھے اور متحدہ عرب امارات کے محمد وسیم پانچویں نمبر پر ہیں۔

ابھیشیک شرما کا یہ کارنامہ مختصر فارمیٹ میں ان کی جارحانہ بیٹنگ اور تیز رفتاری سے رنز بنانے کی صلاحیت کا نمایاں ثبوت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button