سعودی عرب میں ملک گیر کریک ڈاؤن، تقریباً 14 ہزار افراد گرفتار، 10 ہزار سے زائد غیر ملکی بے دخل

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں اقامہ، لیبر قوانین اور سرحدی سکیورٹی کی خلاف ورزیوں کے خلاف ملک گیر کارروائی کے دوران 13 ہزار 889 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ 10 ہزار 431 غیر ملکیوں کو ملک سے بے دخل کر دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق یکم سے 7 اکتوبر کے دوران متعلقہ سرکاری اداروں کے تعاون سے مشترکہ کارروائیاں کی گئیں، جن میں مختلف قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو حراست میں لیا گیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گرفتار افراد میں 6 ہزار 785 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی، 3 ہزار 710 سرحدی سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کے شبہے میں، جبکہ 3 ہزار 394 افراد لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیے گئے۔

حکام کے مطابق سعودی عرب کی سرحدوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ہزار 382 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ان میں 66 فیصد ایتھوپیا، 33 فیصد یمن اور ایک فیصد دیگر ممالک کے شہری شامل تھے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب سے غیر قانونی طور پر باہر جانے کی کوشش کرنے والے 34 افراد بھی گرفتار ہوئے۔

وزارت داخلہ کے مطابق اقامہ اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزیوں کے سلسلے میں 33 ہزار 113 غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جن میں 30 ہزار 438 مرد اور 2 ہزار 675 خواتین شامل ہیں۔

حکام نے بتایا کہ 18 ہزار 947 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے متعلقہ ممالک کے سفارتی مشنز کے حوالے کیا گیا، جبکہ 4 ہزار 596 افراد کو وطن واپسی کے انتظامات مکمل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے پاس بھیجا گیا۔

سعودی حکام نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ٹرانسپورٹ، رہائش یا ملازمت فراہم کرنے کے الزام میں 21 افراد کو بھی گرفتار کیا ہے۔

وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے والوں کی مدد کرنے، انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے، پناہ دینے یا کسی بھی طرح سہولت فراہم کرنے والوں کو سخت قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

حکام کے مطابق ایسے جرائم میں ملوث افراد کو 15 سال تک قید اور 10 لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ غیر قانونی افراد کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیاں اور انہیں رہائش فراہم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی جائیدادیں بھی ضبط کی جا سکتی ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ قوانین کی خلاف ورزیوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ مکہ مکرمہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں شکایات اور اطلاعات کے لیے ہیلپ لائن 911 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button