خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کاخاتمہ،پولیس،سی ٹی ڈی کو جدید اسلحہ ،بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جائیں گی،اپیکس کمیٹی میں اہم فیصلے

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو جدید آلات، مؤثر اسلحہ، بکتر بند گاڑیاں اور مطلوبہ نفری فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ایڈوائزری کونسل کے اراکین، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فورم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ دہشت گردی کے خلاف مربوط، مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ شرکا نے واضح کیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور صوبے میں پائیدار امن کا قیام تمام ریاستی اداروں کی مشترکہ ترجیح ہے۔

فورم نے خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل پر بھی زور دیا۔ تعلیم، صحت، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری کو پائیدار امن کے لیے اہم قرار دیا گیا۔

اجلاس میں صوبے کے پسماندہ اور متاثرہ علاقوں میں سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ، عوامی مسائل کے حل اور سرکاری خدمات شہریوں کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے خصوصی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے ساتھ عوامی تجاویز، مقامی ضروریات اور ترجیحات کو پالیسی سازی میں شامل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

فورم نے امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Back to top button