برازیل کے اعلیٰ فوجی وفد کی عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) برازیل کے اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں وفد کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریرے نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دفاعی تعاون کے فروغ، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریرے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کی جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، جبکہ دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقوں نے عسکری تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر برازیلی وفد کے سربراہ نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ عسکری تعلقات مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔

مزید خبریں

Back to top button