ڈاکٹرعظمیٰ خان کوجیل میں دل کی ادویات فراہم کرنے کی ہدایت،لاہورہائیکورٹ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کو جیل میں دل کی ادویات فراہم کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور، سی سی پی او اور دیگر افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

جسٹس عبہر گل نے ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت درخواست گزاروں کے وکیل رانا مدثر عمر نے استدعا کی کہ ایس پی، سی سی پی او لاہور اور ڈپٹی کمشنر کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے تاکہ وہ نظر بندی کے نوٹیفکیشن سے متعلق وضاحت پیش کرسکیں۔وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار جیل میں کسی غیرمعمولی سہولت کے بجائے اپنی بنیادی ضروریات کی فراہمی چاہتے ہیں۔ انہوں نے نورین نیازی کو کپڑے، ادویات اور نظر کی عینک فراہم کرنے کے ساتھ اہل خانہ اور وکیل سے ملاقات کی اجازت دینے کی بھی استدعا کی۔سماعت کے دوران ڈاکٹر عظمیٰ خان کے شوہر احد خان عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ان کی اہلیہ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں اور انہیں روزانہ تین ادویات دینا ضروری ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کی ادویات روزانہ جیل پہنچانے کی اجازت دی جائے۔عدالت نے ڈاکٹر عظمیٰ خان کو جیل میں دل کی ادویات فراہم کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ متعلقہ افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزید خبریں

Back to top button