اسرائیل میں دھماکا،20طلبازخمی،ایک جان سے گیا

تل ابیب (جانو ڈاٹ پی کے) اسرائیل کے شمالی علاقے میں لبنان کی سرحد کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اسکول کے تقریباً 20 طلبا زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک طالب علم دم توڑ گیا، جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب ایک اسرائیلی ہائی اسکول کے طلبا کا گروپ لبنان کی سرحد کے قریب پہاڑی علاقے میں پیدل سفر کر رہا تھا۔ دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوجی اہلکاروں اور ہیلی کاپٹروں کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا تاکہ زخمیوں کی مدد اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا جا سکے۔اسرائیلی پولیس نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں دھماکے کی وجہ غیر پھٹا ہوا گولہ بارود ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم دھماکے کی حتمی وجہ اور گولہ بارود کی نوعیت کی تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔



