آبنائے ہرمز کی بندش، عالمی توانائی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ، آرامکو

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے) سعودی تیل کمپنی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی توانائی بحران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے، جبکہ اہم بحری گزرگاہ مکمل طور پر بحال ہونے تک عالمی منڈیوں میں تیل کی فراہمی دباؤ کا شکار رہے گی۔
آرامکو کے سربراہ کے مطابق خام تیل کی برآمدات کے لیے متبادل راستوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ بیرونِ ملک تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیل کے ذخائر کو دوبارہ مطلوبہ سطح تک پہنچانے میں دو سال تک لگ سکتے ہیں، جبکہ تیل کی بڑی مقدار فی الحال فوری استعمال کے لیے دستیاب نہیں۔ ان کے مطابق ہنگامی ذخائر چھ ارب بیرل سے بھی خاصے کم رہ گئے ہیں، جو ممکنہ قلت کی صورت میں آخری سہارا ثابت ہوسکتے ہیں۔آرامکو کے سربراہ نے خام تیل کی رسد پر شدید دباؤ اور موجودہ صورتِ حال کو انتہائی تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی تک عالمی توانائی منڈی کو مشکلات کا سامنا رہے گا۔



