ماتلی میں پرائمری اساتذہ کا احتجاج،سروس اسٹرکچر اور کنوینس الاؤنس کی فراہمی کا مطالبہ

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) ماتلی تعلقہ کے پرائمری اساتذہ نے سروس اسٹرکچر کی بحالی، کنوینس الاؤنس کی فراہمی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے محمدی چوک سے ریلی نکالی، جو ماتلی پریس کلب کے سامنے پہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی۔ اس موقع پر اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی، جبکہ شرکاء کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی موجود تھے۔ ماتلی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ شکيل آریسر، عرفان سومرو، علی محمد ترک، انور آریسر، عبدالغفور نوتکانی، سیف اللہ تالپور، محبوب چھلگری اور دیگر نے کہا کہ وہ انتہائی مشکل حالات میں دور دراز علاقوں اور جنگلوں میں بچوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ٹی آر (STR) کے مطابق ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی کنوینس الاؤنس دیا جا رہا ہے، جس کے باعث اساتذہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کئی سال سے خدمات انجام دینے والے ایس سی ایچ ڈی (SCHD) اساتذہ کو مستقل کرکے انہیں ضروری سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ سروس اسٹرکچر بحال کرنے سمیت تمام جائز مطالبات منظور کرکے اساتذہ میں پائی جانے والی بے چینی دور کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button