خیبرپختونخوا پولیس کو10بکتر بندگاڑیاں فراہم،محسن نقوی کادہشتگردی کےخلاف تعاون کااعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد پولیس کی 10 بکتر بند گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں، جن سے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر بکتر بند گاڑیاں فوری طور پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ان گاڑیوں کی فوری منتقلی کی ہدایت کی تھی تاکہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد کار کو بہتر بنایا جا سکے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور وفاقی حکومت خیبرپختونخوا پولیس کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے صوبائی پولیس کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button