13سال دھرنے،انتشاراورگالم گلوچ،مریم نوازکی پی ٹی آئی پرتنقید

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو گزشتہ 13 برس کے دوران دھرنے، انتشار، گالم گلوچ اور سستے ٹرینڈز ملے۔ ان کے بقول اگر آج صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی باتیں ہو رہی ہیں تو اس کا قصور عوام کا نہیں بلکہ 13 سالہ نااہلی کا ہے۔
مریم نواز نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کا تقابل کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ دونوں صوبے ایک ہی ملک، ایک ہی آئین اور ایک ہی قومی خزانے میں حصے دار ہیں تو پھر ایک صوبے میں ترقی کا سفر اور دوسرے میں تنزلی اور بدامنی کیوں ہے؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فرق وسائل کا نہیں بلکہ نیت اور اہلیت کا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب کو صاف ستھرا بنایا جا سکتا ہے تو خیبرپختونخوا میں ایسا کیوں نہیں ہو سکتا؟ ان کے مطابق وہاں صفائی کے بجائے سیاست کو ترجیح دی گئی۔ انہوں نے اسکالرشپس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پنجاب کے ہونہار بچوں کو تعلیمی وظائف مل سکتے ہیں تو خیبرپختونخوا کے بچوں کو کیوں نہیں، کیونکہ ان کے بقول وہاں ترجیح بچوں کے بجائے دھرنے رہے۔
مریم نواز نے امن و امان کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مائیں بے فکر ہیں تو خیبرپختونخوا میں خوف کیوں پایا جاتا ہے؟ انہوں نے الزام لگایا کہ صوبے میں عوام کے تحفظ کے بجائے اسلام آباد پر چڑھائی کو زیادہ اہمیت دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں گرین الیکٹرو بسیں چلائی جا سکتی ہیں تو خیبرپختونخوا میں ایسے منصوبے کیوں نہیں شروع ہوئے؟ ان کے بقول وہاں منصوبے زمین پر نہیں بلکہ سوشل میڈیا تک محدود رہے، جبکہ سڑکوں کی تعمیر کے معاملے میں بھی وعدے کیے گئے لیکن عملی کام نہیں ہوا۔
صحت کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں مفت ادویات، فیلڈ اسپتال اور کلینک آن ویلز جیسی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، لیکن خیبرپختونخوا میں مریض بے بس کیوں ہیں؟ ان کے مطابق وہاں عوام کی صحت کے مقابلے میں اقتدار کو زیادہ اہمیت دی گئی۔
مریم نواز نے اپنے بیان میں خیبرپختونخوا کی حکمرانی، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولتوں سے متعلق پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔



