پاکستان توانائی تحفظ کے لیے مقامی پیداوار اور ذخائر بڑھا رہا ہے، علی پرویز ملک

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی عرب میں حوثی اکثریتی تنظیم انصاراللہ کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئےکہا ہےکہ  پاکستان توانائی تحفظ کے لیے مقامی پیداوار ، اسٹریٹجک ذخائر اور توانائی کے ذرائع بڑھا رہا ہے۔

ریاض میں بین الاقوامی توانائی فورم کے وزارتی اجلاس سے خطاب میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان آزمائش کی اس گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، عالمی توانائی کا تحفظ،کم قیمت اور پائیدار فراہمی کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ ضروری ہے۔

اجلاس کے موقع پر وزیر پیٹرولیم نے لیبیا، قطر اور ترک وزرا سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

لیبیا کے وزیر تیل وگیس سے ملاقات میں علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی ریفائنریز کو لیبیا سے خام تیل کی درآمدکی ترغیب دی ہے،  پاکستان توانائی تحفظ کو مضبوط بنانے اور آبنائے ہرمز اور آبنائے باب المندب سمیت اہم بحری راستوں میں ممکنہ رکاوٹوں کی صورت میں متبادل ذرائع برقرار  رکھنے کے لیے خام تیل کی درآمد کے ذرائع میں تنوع چاہتا ہے۔

علی پرویز ملک نے قطرکے وزیر توانائی سے بھی تفصیلی ملاقات کی جس میں مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

ترکیےکے وزیر توانائی  نے بھی وفاقی وزیر پیٹرولیم سے ملاقات کی اور کہا کہ سمندر میں تیل وگیس کی تلاش کے لیے ترک جہاز اگلے ماہ پاکستان پہنچےگا۔

مزید خبریں

Back to top button