کرکٹ کے بعد اداکاری کی پچ پر وسیم اکرم اترنے کو تیار

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کے سابق اسٹار کرکٹر وسیم اکرم کی ٹی وی ڈراموں میں انٹری کی خبریں سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی، جہاں بعض صارفین نے اس خبر پر خوشی کا اظہار کیا تو کچھ نے ممکنہ کاسٹنگ پر تنقید کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وسیم اکرم کو معروف اداکارہ ماہ نور بلوچ کے ساتھ ایک نئے ڈرامے میں کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے، جس کی ہدایتکاری فہیم برنی کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق ڈرامہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور فنکاروں سے بات چیت جاری ہے، تاہم کاسٹ کو تاحال حتمی شکل نہیں دی گئی۔ اس لیے وسیم اکرم کی شمولیت کے حوالے سے حتمی اعلان سامنے آنا باقی ہے۔

وسیم اکرم اس سے قبل فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ اگر نئے ڈرامے میں ان کی کاسٹنگ طے پا جاتی ہے تو یہ ٹیلی ویژن ڈرامے میں ان کی پہلی انٹری ہوگی۔

خبر پر اداکارہ جویریہ عباسی نے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ بعض سوشل میڈیا صارفین نے وسیم اکرم کی ممکنہ اداکاری اور کاسٹنگ پر سوالات اٹھائے ہیں۔ تاہم ڈرامے کی حتمی کاسٹ اور دیگر تفصیلات سامنے آنے کے بعد ہی اس حوالے سے صورت حال واضح ہو سکے گی۔

مزید خبریں

Back to top button