یامی گوتم کی میڈیا سے تصاویر میں اے آئی تبدیلی نہ کرنے کی درخواست

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ یامی گوتم نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ عوامی تقریبات کے دوران بنائی گئی ان کی تصاویر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے کسی قسم کی تبدیلی یا ایڈیٹنگ نہ کی جائے۔
فلم ’حق‘ کی اداکارہ نے انسٹاگرام پر میڈیا کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تصاویر کو اصل حالت میں استعمال کیا جائے اور انہیں اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تبدیل یا بہتر کرنے سے گریز کیا جائے۔
یامی گوتم نے کہا کہ کسی بھی شخص کی رضامندی اور علم کے بغیر مصنوعی ذہانت کے ذریعے اس کی تصویر یا حلیے میں تبدیلی نہیں ہونی چاہیے۔ اداکارہ نے میڈیا سے درخواست کی کہ ان کی اس خواہش اور موقف کا احترام کیا جائے۔
یامی گوتم کی جانب سے یہ درخواست ان کی نئی فلم ’نئی نویلی‘ کی تشہیری مہم کے دوران سامنے آئی ہے۔ فلم کی ریلیز 16 اکتوبر کو متوقع ہے۔



