پنجاب کا اپنی چھت، اپنا گھر منصوبہ دنیا کے 5 بہترین سستے رہائشی منصوبوں میں شامل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شروع کیے گئے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوگئی۔

پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ منصوبے کو دنیا کے پانچ بہترین سستے رہائشی منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ کی جانب سے اسے ’’سکرول آف آنر‘‘ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

مریم اورنگزیب کے مطابق ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 2 لاکھ سے زائد گھر فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد ہزاروں خاندانوں کو اپنی رہائش کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے ذریعے خاندانوں کو تحفظ، سلامتی، وقار اور بہتر مستقبل کی امید فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے عمان کے دارالحکومت مسقط میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جہاں منصوبے کو عالمی سطح پر ملنے والے اعزاز کو اجاگر کیا گیا۔

پنجاب حکومت کے مطابق یہ اعزاز صوبے کے عوام کے نام ہے اور اسے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خوشحال، بااختیار اور باوقار پنجاب کے وژن کا عالمی اعتراف قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button