ایف بی آئی ڈائریکٹر نے 19 سال چھوٹی گرل فرینڈ سے منگنی کر لی

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اپنی دیرینہ ساتھی اور کنٹری گلوکارہ الیکسس ولکنز سے منگنی کرلی۔
27 سالہ الیکسس ولکنز نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر منگنی کا اعلان کرتے ہوئے کاش پٹیل کے ساتھ تصویر شیئر کی، جس میں وہ ہیرے کی انگوٹھی دکھاتی نظر آئیں۔ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے دلچسپ انداز میں لکھا، ’’ہم قانون کو درمیان میں لے آئے۔‘‘
کاش پٹیل نے بھی الیکسس ولکنز کی پوسٹ کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور اس کے ساتھ دل اور انگوٹھی کے ایموجیز استعمال کیے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کی پہلی ملاقات 2022 میں نیش وِل میں ایک دوست کی تقریب کے دوران ہوئی تھی، جبکہ 2023 میں ان کے درمیان باقاعدہ تعلق کا آغاز ہوا۔
کاش پٹیل کے فروری 2025 میں ایف بی آئی ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد دونوں کے تعلقات نے بھی خاصی عوامی توجہ حاصل کی۔ اس دوران سرکاری طیارے کے مبینہ ذاتی استعمال اور الیکسس ولکنز کی ان کے ساتھ مختلف عوامی تقریبات میں شرکت سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے۔



