فلائی دبئی پرواز کے معاون پائلٹ کو سزائے موت کا فیصلہ، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

تل ابیب (ویب ڈیسک) اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے فلائی دبئی کی اسرائیل جانے والی پرواز میں مبینہ طور پر طیارہ گرانے کی کوشش کے الزام میں معاون پائلٹ حمام الحمّامی کو سزائے موت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسرائیلی ویب سائٹ وائے نیٹ نے ایک سینئر اماراتی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ حمام الحمّامی پر طیارے میں سوار تمام افراد کو ہلاک کرنے کی کوشش کا الزام ہے، جس پر انہیں ممکنہ طور پر سخت ترین سزا دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکار بھی واقعے کی تحقیقات میں معاونت کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔ تحقیقاتی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ معاون پائلٹ نے کپتان کو قتل کرکے طیارے کا کنٹرول سنبھالنے اور اسے تل ابیب کی کسی بلند عمارت سے ٹکرانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ 29 سالہ عمانی شہری حمام الحمّامی نے گزشتہ ہفتے دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کے کاک پٹ میں بھارتی نژاد کپتان سمت پر حملہ کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مبینہ منصوبے میں طیارے کے انجن بند کرنا بھی شامل تھا۔

ایک اطالوی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ منصوبہ 30 ستمبر کو خفیہ طور پر تیار کیا گیا تھا اور معاون پائلٹ مبینہ طور پر طیارے کو تل ابیب کی کسی عمارت سے ٹکرانے کا ارادہ رکھتا تھا۔

تاہم رپورٹ میں بیان کیے گئے الزامات اور سزائے موت سے متعلق دعوے اسرائیلی میڈیا اور ذرائع سے منسوب ہیں، جبکہ واقعے کی مکمل قانونی اور سرکاری تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button