مناواں میں دو بہنوں کو فائرنگ سے قتل کرنے والا ملزم گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) مناواں کے علاقے میں اپنی دو سگی بہنوں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

انچارج انویسٹی گیشن تھانہ مناواں عمران پاشا کی قیادت میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گھریلو رنجش پر فائرنگ کرکے اپنی بہن شازیہ کو قتل جبکہ دوسری بہن نیلم شہزادی کو شدید زخمی کردیا تھا۔

پولیس کے مطابق نیلم شہزادی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ چند روز زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئی، یوں فائرنگ کے واقعے میں دونوں بہنیں جان کی بازی ہار گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا تاہم پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس کا سراغ لگا کر گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ ملزم کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے اسے قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button