امریکا اور اتحادی ممالک کی چین کو جاسوسی کے الزامات پر وارننگ، بیجنگ نے الزامات مسترد کر دیے

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا اور اس کے اتحادی ممالک نے چین پر جاسوسی اور حساس معلومات کے حصول کے الزامات عائد کرتے ہوئے باضابطہ وارننگ جاری کر دی ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے مشترکہ طور پر چین پر الزام لگایا ہے کہ وہ ملازمت کے پلیٹ فارمز کے ذریعے افراد کو نشانہ بنا کر حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین جعلی پروفائلز اور نوکریوں کی پیشکش کے ذریعے مختلف افراد کو ہدف بنا رہا ہے تاکہ ان سے سرکاری اور حساس نوعیت کی معلومات حاصل کی جا سکیں۔
دوسری جانب لندن میں چینی سفارتخانے نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، من گھڑت اور سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ تنازع صرف جاسوسی کے الزامات تک محدود نہیں بلکہ امریکا اور چین کے درمیان جاری وسیع تر ٹیکنالوجی اور جیو پولیٹیکل کشمکش کا حصہ ہے، جس میں سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز اور علاقائی سلامتی جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔
امریکا اور اس کے اتحادیوں کا مؤقف ہے کہ چین منظم سائبر اور انٹیلی جنس سرگرمیوں کے ذریعے عالمی سطح پر حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ چین ان تمام الزامات کو سیاسی دباؤ اور مقابلے کا حصہ قرار دیتا ہے۔



