امریکا کا چین پر ایران اور یمنی حوثیوں کو فوجی، جوہری ساز و سامان کی فراہمی کا الزام

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکا اور چین کے درمیان سخت لفظی محاذ آرائی دیکھنے میں آئی، جہاں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے مؤقف پر شدید تنقید کی۔

اقوام متحدہ میں امریکی مندوب مائیک والٹز نے چین پر الزام عائد کیا کہ وہ ایران اور یمنی حوثیوں کو فوجی اور جوہری استعمال سے متعلق ساز و سامان کی فراہمی روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کر رہا۔

امریکی مندوب نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران اور حوثیوں کو سیٹلائٹ تصاویر (سیٹلائٹ امیجری) بھی فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب چین نے امریکی الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔ چینی نمائندے نے کہا کہ بیجنگ حساس نوعیت کی برآمدات پر سخت کنٹرول رکھتا ہے اور متعلقہ قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بناتا ہے۔

چین نے اپنے بیان میں امریکا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر امریکی حملوں نے دنیا کو ایک خطرناک موڑ پر لا کھڑا کیا ہے، جبکہ واشنگٹن کو مشرق وسطیٰ میں نئے تنازعات اور بدامنی پیدا کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

امریکا اور چین کے متضاد بیانات نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ ایران کے معاملے پر عالمی طاقتوں کے درمیان اختلافات مزید گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button