ایران کو محدود سطح پر یورینیئم افزودہ کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو محدود سطح پر یورینیئم افزودہ کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، تاہم یہ مکمل طور پر پرامن مقاصد تک محدود ہوگی اور اس کا کوئی فوجی استعمال نہیں ہو سکے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے نیو یارک ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ایران صرف “انتہائی محدود سطح” پر افزودگی کر سکے گا، لیکن اس کی کوئی واضح شرح نہیں بتائی گئی۔
سابق امریکی جوہری معاہدے (اوباما دور) میں 3.67 فیصد افزودگی کی حد مقرر تھی، تاہم ٹرمپ نے اس سوال پر براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ ایران کی افزودگی صرف پرامن مقاصد تک محدود رہے گی۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف سخت اقدامات یا قتل عام کرتی ہے تو اس کے خلاف پابندیوں میں نرمی نہیں کی جائے گی۔
اسی انٹرویو میں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ “بہت مشکل آدمی” ہیں اور انہیں امریکا کا شکر گزار ہونا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان سفارتی اور سکیورٹی معاملات ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔



