لاہور میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے موٹرسائیکل سوار زخمی، 2 ملزمان گرفتار


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) اسلامپورہ کے علاقے میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے موٹرسائیکل سوار 35 سالہ شہری زخمی ہوگیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگ بازی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق سگیاں کا رہائشی غلام مصطفیٰ موٹرسائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ راستے میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر اسلامپورہ پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی شہری کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔
ایس پی سٹی کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگ بازی میں ملوث ملزمان چاند اور عثمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے ممنوعہ کیمیکل ڈور اور پتنگیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمی شہری کے بھائی کی مدعیت میں دونوں ملزمان کے خلاف اقدام قتل اور کائیٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔