ٹھٹھہ میں اساتذہ بھرتیوں میں تاخیر، کامیاب امیدوار بے چینی کا شکار

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن )سندھ حکومت کی جانب سے اساتذہ” کی بھرتیوں میں تاخیر کے باعث کامیاب امیدواروں میں شدید بے چینی پائی جانے لگی
سندھ حکومت کی جانب سے گریڈ 15 کے تحت "بچپن کے اساتذہ” کی بھرتیوں میں تاخیر کے باعث کامیاب امیدواروں میں شدید بے چینی پائی جانے لگی ہے۔ آئی بی اے ٹیسٹ پاس کرنے والے پانچ سو سے زائد امیدوار چھ ماہ گزرنے کے باوجود تاحال آفر لیٹرز کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ نے پرائمری سطح پر تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے "بچپن کے اساتذہ” کے نام سے نئی اسامیاں متعارف کرائی تھیں، جن کے لیے آئی بی اے ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔ صوبہ بھر سے پانچ سو سے زائد امیدوار اس ٹیسٹ میں کامیاب قرار پائے، جبکہ ضلع ٹھٹھہ کی 24 نشستوں کے مقابلے میں صرف دو امیدوار کامیاب ہوئے۔
ذرائع کے مطابق تقرری کے عمل میں غیر معمولی تاخیر کے باعث کامیاب امیدواروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، اور وہ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ تمام مراحل مکمل کرنے کے باوجود آفر لیٹرز جاری نہ ہونا افسوسناک ہے اور اس سے ان کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
متاثرہ امیدواروں نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر تعلیم سندھ، صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات علی حسن زرداری اور صوبائی وزیر زکوٰۃ، عشر و اوقاف سید ریاض حسین شاہ شیرازی سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر آفر آرڈرز جاری کیے جائیں تاکہ وہ اپنی تدریسی ذمہ داریاں سنبھال سکیں اور صوبے میں تعلیمی بہتری کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔
امیدواروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد از جلد ان کے مسائل حل نہ کیے گئے تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔



