ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کی زیر صدارت ریکارڈ آف رائٹس کے جاری کام کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمڻ\جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت ریکارڈ آف رائٹس کے جاری کام کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکارز، اسسٹنٹ مختیارکارز اور تپیداروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر متعلقہ افسران کی جانب سے ریکارڈ آف رائٹس کے جاری عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں مختلف تعلقہ جات میں ہونے والی پیشرفت، درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریکارڈ کی درستگی، ڈیٹا کی اپڈیٹیشن اور پرانے اندراجات کی تصحیح کا عمل تیزی سے جاری ہے.

ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے ریکارڈ آف رائٹس کے عمل کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ کام زمینوں کے ریکارڈ کی شفافیت، عوامی سہولت اور قانونی پیچیدگیوں کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران اپنے اپنے دائرہ کار میں کام کی رفتار مزید تیز کریں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کی تیاری میں درستگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کے تنازعات سے بچا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ کام کی نگرانی کو مؤثر بنائیں.

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریکارڈ آف رائٹس کے کام کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ عوام کو بہتر اور شفاف خدمات فراہم کی جا سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button