ٹھٹھہ میں پولیس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ٹھٹھہ(جاويدلطيف ميمن /جانوڈاٹ پی کے)ٹھٹھہ کے قریب مکلی بائی پاس کے گاؤں وڈیرو محمد عرس گندرو کے متعدد رہائشیوں نے ٹھٹھہ اور مکلی پولیس، سی آئی اے اور ون فائیو پولیس کی زیادتیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مکلی بائی پاس مکلی-سجاول روڈ پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دی اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
متاثرہ دیہات جن میں وڈیرو مراد گندرو، علی محمد، میر محمد، وسیم گندرو، جمیل احمد گندرو، بابن، شہزاد گندرو اور زخمی خاتون نسیمہ گندرو شامل ہیں، نے الزام عائد کیا کہ دو راتیں قبل سی آئی اے، ون فائیو اور ٹھٹھہ و مکلی پولیس کے اہلکاروں نے رات کے وقت ان کے گھروں پر دھاوا بول دیا۔ پولیس اہلکار بغیر وارنٹ گھروں میں داخل ہوئے، چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا، فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا۔
مظاہرین کے مطابق پولیس نے تین گھروں میں توڑ پھوڑ کی، سونا زیورات، بچیوں کے کپڑے، 85 ہزار روپے نقدی، کپڑوں کی پیٹی اور گھر کا راشن لوٹ لیا، جبکہ گھروں کی الماریاں اور دروازوں کے قیمتی شیشے بھی توڑ دیے گئے۔ اس کے علاوہ غلام قادر گندرو کی دکان سے 47 ہزار روپے نقد اور دیگر قیمتی سامان بھی لے جایا گیا۔
مزاحمت کرنے پر پولیس اہلکاروں نے نسیمہ گندرو کو کلاشنکوف کے بٹ مار کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ان کا بازو ٹوٹ گیا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود انہیں انصاف یا نقصان کا ازالہ نہیں ملا، جس کے باعث وہ احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں اور انصاف کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے، نقصان کا ازالہ کیا جائے، بغیر وارنٹ گھروں میں داخل ہونے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
تین گھنٹے تک جاری رہنے والے دھرنے کے بعد ایس ایچ او ٹھٹھہ اور مکلی موقع پر پہنچے اور مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرانے کے بعد احتجاج ختم کروا کر روڈ کھول دیا گیا۔



