بلاول بھٹو کی مداخلت، تھرپارکر میں ارباب لطف اللہ اور سریندر ولاسائی کے اختلافات ختم، پیپلز پارٹی میں مفاہمت کامیاب

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مداخلت کے بعد تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے دو اہم رہنماؤں اور اراکین سندھ اسمبلی ارباب لطف اللہ اور سریندر ولاسائی کے درمیان طویل عرصے سے جاری اختلافات خوش اسلوبی سے ختم کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق مختلف سیاسی اور تنظیمی معاملات پر دونوں رہنماؤں کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات سوشل میڈیا کے علاوہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا تک پہنچ گئے تھے، جس پر بلاول بھٹو زرداری نے نوٹس لیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی مفاہمتی کمیٹی تشکیل دی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق کمیٹی نے متعدد اجلاسوں اور مشاورتی عمل کے بعد دونوں رہنماؤں کے تحفظات دور کرتے ہوئے باہمی اختلافات ختم کرا دیے۔ مفاہمتی کمیٹی کی سربراہی سید اویس قادر شاہ نے کی، جبکہ اس کے ارکان میں جمیل سومرو، سعید غنی، مکیش کمار چاولہ اور سہیل انور سیال شامل تھے۔
سریندر ولاسائی نے مفاہمتی عمل کی کامیابی پر جاری بیان میں کمیٹی کے سربراہ اور تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان اور ارباب لطف اللہ کے درمیان موجود تمام معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرایا۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے نہ صرف موجودہ اختلافات ختم کرائے بلکہ مستقبل میں بھی کسی باہمی مسئلے کو پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریے، منشور اور تنظیمی نظم و ضبط کے مطابق حل کرنے کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی براہ راست پارٹی قیادت کی ہدایت پر تشکیل دی گئی تھی تاکہ تھرپارکر میں پارٹی اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے، اندرونی اختلافات کا مستقل حل نکالا جائے اور آئندہ معاملات کو تنظیمی فورم پر ہی حل کیا جائے۔
سیاسی حلقوں نے اس پیش رفت کو پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ایک اہم تنظیمی کامیابی قرار دیا ہے۔
دریں اثنا، سریندر ولاسائی کے کوآرڈینیٹر برائے ضلع بدین ادریس لوند نے بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات کے خاتمے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پارٹی کے لیے مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔
اپنے بیان میں ادریس لوند نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اتحاد، مشاورت اور اجتماعی فیصلوں پر یقین رکھتی ہے، جبکہ قیادت نے بروقت مداخلت کر کے کارکنوں اور عوام کی خواہشات کے مطابق دانشمندانہ فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مفاہمتی عمل سے نہ صرف تھرپارکر بلکہ سندھ بھر میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی، کارکنوں کے حوصلے بلند ہوں گے اور عوامی خدمت کا سفر پہلے سے زیادہ مؤثر انداز میں جاری رہے گا۔
ادریس لوند نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، مفاہمتی کمیٹی کے سربراہ سید اویس قادر شاہ اور تمام ارکان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی بصیرت اور بردباری کے ذریعے اختلافات کا خاتمہ قابل تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی کے تمام رہنما اور کارکن باہمی اتحاد، نظم و ضبط اور پارٹی منشور کے مطابق عوامی خدمت کے مشن کو مزید آگے بڑھائیں گے۔



