ٹرمپ کافوجی رازافشاکرنے والوں کوگولی مارنے کا مطالبہ،فائرنگ اسکواڈسے سزائے موت دینےکی تجویز

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوجی کارروائیوں سے متعلق خفیہ معلومات میڈیا کو فراہم کرنے والوں کے لیے انتہائی سخت سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افراد کو گولی مار کر ہلاک کردینا چاہیے۔
خبر رساں رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست ایریزونا میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے وقت سے متعلق معلومات صحافیوں تک پہنچانے والے نامعلوم ذریعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فوجی کارروائیوں سے متعلق خفیہ معلومات افشا کرنے والوں کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں بھی اس نوعیت کے معاملات میں لوگوں کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے ہلاک کیا جاتا تھا۔
امریکی صدر نے اپنے خطاب میں مبینہ طور پر خفیہ معلومات افشا کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ ان کے اس بیان نے فوجی رازوں کے افشا ہونے پر ان کے سخت مؤقف کو نمایاں کردیا ہے۔



