پشاور اسکول حادثے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی، خستہ چھت کو عارضی سہارا دے کر بچوں کو بلایا گیا

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کی ابتدائی رپورٹ ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے صوبائی حکومت کو ارسال کردی، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چھت بارش کے باعث خستہ ہوچکی تھی اور اسکول کے مالک کو بچوں کی جانب سے اس بارے میں آگاہ بھی کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق حادثہ اسکول کی نچلی عمارت کے سائیڈ والے کلاس روم میں پیش آیا، جہاں تیسری منزل سے چھت نیچے گری۔ یہ چھت تقریباً 20 سے 25 فٹ کی بلندی پر واقع تھی۔

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکول کے تمام کمروں میں تیار چھتیں لگی ہوئی تھیں، تاہم عمارت کی سب سے بالائی منزل کی چھت بارش کے باعث خستہ ہوچکی تھی، جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق اسکول کے مالک خان محمد کو بچوں نے چھت کی خراب حالت سے آگاہ کیا تھا، جس کے بعد مالک نے چھت کو عارضی سہارا دے کر بچوں کو اسکول بلایا۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ کلاس رومز کے ساتھ عمارت کے دیگر حصوں کو بھی غیر موزوں قرار دے دیا ہے۔ اسکول کی رجسٹریشن کے حوالے سے تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔

ابتدائی رپورٹ میں سامنے آنے والے ان حقائق کے بعد اسکول کی عمارت کی حالت، بچوں کی حفاظت اور انتظامی نگرانی سے متعلق اہم سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔ تاہم واقعے کی مکمل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین مزید تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گا۔

مزید خبریں

Back to top button