عامر خان کے بھانجے عمران خان کو بھارت چھوڑنے کا نوٹس، 28 اکتوبر کی ڈیڈ لائن

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ اداکار اور عامر خان کے بھانجے عمران خان کو ممبئی پولیس نے 28 اکتوبر تک بھارت چھوڑنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی ممبئی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کے لیے ہونے والے احتجاج میں شرکت کے بعد کی گئی۔رپورٹس کے مطابق عمران خان نے ممبئی کے اگست کرانتی میدان میں منعقدہ مظاہرے میں شرکت کی تھی، جہاں مظاہرین چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس دوران پولیس نے اداکار کو حراست میں بھی لیا تھا۔ممبئی پولیس کا مؤقف ہے کہ عمران خان بھارتی شہری نہیں ہیں اور احتجاج میں شرکت کے معاملے پر ان کے خلاف امیگریشن ایکٹ کی متعلقہ شق کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔پولیس کی جانب سے جاری نوٹس میں انہیں 28 اکتوبر تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واقعے کے بعد اداکار کی قانونی حیثیت اور ان کے آئندہ لائحہ عمل سے متعلق صورتحال پر توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔



