پشاوراسکول حادثہ،ننھا عماداورمبشر جاں بحق،گھرانوں میں صفِ ماتم بچھ گئی

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے نے دو معصوم طالب علموں کی جان لے لی، دوسری جماعت کا طالب علم عماد زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ اس کی تیسری جماعت میں پڑھنے والی بہن ملبے تلے دبنے کے باوجود معجزاتی طور پر زندہ بچ گئی۔

حادثے کے بعد عماد کے گھر میں کہرام مچ گیا اور اس کی والدہ غم سے نڈھال ہیں، جبکہ والد کو بھی شدید صدمہ پہنچا ہے۔ عماد کے والد نے بتایا کہ وہ صبح بچوں کو اسکول بھیج کر کام پر چلے گئے تھے کہ گھر سے فون آیا اور انہیں اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کا پتا چلا۔

والد کے مطابق عماد کی بہن ملبے کے نیچے سے زندہ نکال لی گئی، تاہم ان کے بیٹے کی جان نہ بچ سکی۔ ایک ہی خاندان کے لیے یہ حادثہ ناقابلِ برداشت صدمہ بن گیا، جہاں ایک بچہ ہمیشہ کے لیے بچھڑ گیا اور دوسری بچی حادثے سے متاثر ہوکر بچ گئی۔

دوسری جانب اسی حادثے میں دوسری جماعت کا طالب علم مبشر بھی جاں بحق ہوگیا۔ لواحقین کے مطابق مبشر بڑا ہوکر انجینئر بننا چاہتا تھا، مگر اس کا خواب ادھورا رہ گیا۔

اہلِ خانہ نے بتایا کہ مبشر معمول کے مطابق اسکول گیا تھا اور اسمبلی کے بعد پیش آنے والے حادثے میں جان کی بازی ہار گیا۔ دو کمسن طالب علموں کی ہلاکت نے خاندانوں کو غم میں مبتلا کردیا، جبکہ اسکول کی چھت گرنے کے واقعے نے بچوں کی حفاظت سے متعلق سوالات بھی اٹھا دیے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button