ورلڈ امیونائزیشن ویک پرمٹھی میں آگاہی سیمینار،بہترین کارکردگی پر اسناد تقسیم

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے)ورلڈ امیونائزیشن ویک کے موقع پر مٹھی میں محکمہ صحت تھرپارکر کی جانب سے مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیونائزیشن ویک ہر سال دنیا بھر میں منایا جاتا ہے جس کا مقصد بچوں، حاملہ خواتین اور کم عمر لڑکیوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں سروائیکل کینسر کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے اور اس سے بچاؤ کا واحد مؤثر طریقہ کم عمری (تقریباً 9 سال) میں ویکسینیشن ہے۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ بچیوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے اور ان کا روشن مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اگر کسی گھر میں ایک بچہ بیمار ہو جائے تو پورا خاندان متاثر ہوتا ہے، اس لیے بیماریوں سے بچاؤ کو علاج پر ترجیح دینا ضروری ہے۔ انہوں نے ٹیم ورک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر سب ایک پلیٹ فارم پر مل کر کام کریں تو تمام مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ اس سے قبل ضلعی ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ورلڈ امیونائزیشن ویک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت ہر سال 24 اپریل سے 30 اپریل تک یہ ہفتہ مناتا ہے جس دوران بچوں اور حاملہ خواتین کو 13 مختلف بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین دی جاتی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر بھارت کمار سونی نے کہا کہ محکمہ صحت کو مختلف غیر سرکاری تنظیموں کی بھرپور معاونت حاصل ہے اور مشترکہ کوششوں سے اہداف کے حصول میں کامیابی کی امید ہے۔ آخر میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افراد اور عملے میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button