بدین میں آئی بی اے پاس امیدواروں کا احتجاج، اساتذہ بھرتی پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ

بدین(مرتضی میمن\جانوڈاٹ پی کے) اساتذہ کی آسامیوں کے لیے سکھر آئی بی اے کے امتحان میں کامیاب امیدواروں نے بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بھرتی پالیسی میں حالیہ تبدیلی پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔
احتجاج امیدواروں کی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے نوجوان مرد و خواتین امیدواروں نے شرکت کی۔
مظاہرین کی قیادت عبدالجبار جاکھرو، اعزاز علی میمن، لاریب لاکھو، میر بھائی، سہیل احمد بھرگڑی، عظمت سومرو، یاسر گاڈاہی اور سرفراز احمد گاڈاہی نے کی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ امیدواروں نے سخت محنت کے بعد آئی بی اے کے امتحان میں 50 سے 54 فیصد نمبر حاصل کیے، تاہم ان کے بقول محکمہ تعلیم کے حالیہ فیصلوں کے باعث میرٹ پر کامیاب امیدواروں کو بھرتی کے عمل سے محروم کیا جا رہا ہے۔
مظاہرین نے وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ سے مطالبہ کیا کہ اس فیصلے پر فوری نظرثانی کرتے ہوئے امیدواروں کے ساتھ انصاف کیا جائے اور اساتذہ کی خالی آسامیوں پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں عمل میں لائی جائیں۔
احتجاج کے شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو احتجاجی تحریک کو بدین سے سندھ بھر تک وسعت دی جائے گی۔



