سفید چھڑی کا عالمی دن، وزیراعظم اور صدر کا بصارت سے محروم افراد کو بااختیار بنانے پر زور

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری، وقار، تحفظ اور معاشرتی شمولیت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خصوصی افراد کو مساوی مواقع فراہم کرنے اور عوامی مقامات تک ان کی آسان رسائی بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں بصارت سے محروم افراد کے عزم، حوصلے، لگن اور زندگی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کو بااختیار بنانے اور معاشرے کا مؤثر حصہ بنانے کے لیے اہلخانہ، معاشرتی معاونین اور متعلقہ اداروں کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن دنیا بھر میں بصارت سے محروم لاکھوں افراد کی خودمختاری، نقل و حرکت کی آزادی، خوداعتمادی اور وقار کو اجاگر کرنے کا اہم موقع ہے۔ سفید چھڑی ایک بنیادی معاون ذریعہ ہے، جو بصارت سے محروم افراد کو روزمرہ زندگی میں آزادانہ طور پر نقل و حرکت کرنے اور مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے باصلاحیت افراد کی کامیابیوں پر فخر ہے، بالخصوص پاکستانی سفارت کار صائمہ سلیم کی خدمات قابلِ فخر ہیں، جو اقوام متحدہ کے اعلیٰ سفارتی فورم پر ملک کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ خصوصی افراد کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے جسمانی، سماجی اور ادارہ جاتی رکاوٹیں دور کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سمیت خصوصی افراد کے حقوق، تحفظ، خودمختاری اور معاشرتی شمولیت کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی خدمات کو بھی سراہا۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بصارت سے محروم افراد کے لیے عوامی مقامات اور بنیادی خدمات تک رسائی آسان بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان افراد کے حقوق اور تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

صدر مملکت کے مطابق سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کے لیے نقل و حرکت کا اہم ذریعہ ہے، جو انہیں تعلیم، روزگار اور روزمرہ زندگی کے دیگر شعبوں تک رسائی میں مدد فراہم کرتی ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کی بحالی، فلاح و بہبود اور خودمختاری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے محکمے (ڈی ای پی ڈی) کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ خصوصی افراد کی بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہا ہے۔

صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ دیگر صوبوں میں بھی اسی نوعیت کے ادارہ جاتی انتظامات قائم کیے جائیں گے، تاکہ خصوصی افراد کی ضروریات پوری کرنے اور انہیں معاشرے کا مؤثر حصہ بنانے میں مدد مل سکے۔

وزیراعظم اور صدر مملکت نے اپنے پیغامات میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ بصارت سے محروم افراد سمیت تمام خصوصی افراد کے لیے مساوی مواقع، باوقار زندگی، محفوظ ماحول اور معاشرتی شمولیت یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔

مزید خبریں

Back to top button